|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2020

کوہلو :کوہلو کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملوں میں تیزی آگئی فصلوں اور سبزیوں کے بعد باغات اور قدرتی چراگاہوں کوشدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ، لاکھوں ٹڈیوں پر مشتمل قافلے کا ضلع بھر کی فصلوں پر یہ چوتھا حملہ ہے زمیندار شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہیں

تفصیلات کے مطابق کوہلو کے مختلف علاقوں تمبو، سینجاڑ، ملکزئی، مخماڑ، منجھرا اور ترخہ دَف میں حملوں سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے سبزی اور فصلوں کے ساتھ ٹڈی دل کے بڑے لشکر کے حملوں کی زد میں باغات اور قدرتی چراگاہیں بھی آنے لگی جس نے نہ صرف زمیندار اور کسان پریشان ہیں

بلکہ گلہ بانی کے پیشے سے وابستہ افراد کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ضلع کے مختلف علاقوں میں ہزاروں ایکڑ پر مشتمل کپاس، مکئی، جوار، بھنڈی، مرچ اور ٹماٹر سمیت دیگر کھڑی سبزیوں اور فصلوں کے علاوہ بادام کے باغات اور قدرتی چراگاہوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، مقامی زمینداروں کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے ٹڈی دل تلف کرنے کے حوالے سے ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے

تو سال بھر کی محنت ضائع ہونے کے باعث زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے، ٹڈی دل کے بڑی تعداد میں فصلوں پر حملے سے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے تاہم حکومتی اعلانات کے ثمرات مقامی زمینداروں تک پہنچنے سے قاصر ہے جس سے مقامی زمیندار شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہیں۔