رسالپور: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ جدید ترین ساز و سامان سے لیس پاک فضائیہ ملک کی حفاظت کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔
پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں 132ویں جی ڈی پائلٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ وہ کمیشن حاصل کرنے والوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہیں کہ کیڈٹس نے فضائیہ کی اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کی، ان کے کاندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری آگئی ہے، فضائی قوت کو مستقبل کی جنگوں میں بہت اہمیت حاصل ہورہی ہے۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی میں مہارت ضروری ہے، انہیں اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے حصول کا موقع فراہم ہوگا، انہیں بہادری اور آگے بڑھنے کا نیا باب شروع کرنا ہے، ان کے پیشے میں بہترین سے کم پرسمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ وہ ملک کی سرحدوں کے ساتھ ساتھ آئین کا بھی تحفظ کریں۔
ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی تاریخ بے مثال قربانیوں سے بھری پڑی ہے،جدید ترین ساز و سامان سے لیس پاک فضائیہ ملک کی حفاظت کے لئے تیار ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرکے پاک فضائیہ ملک دشمن عناصر پر کاری ضرب لگارہی ہے۔ قدرتی آفات میں بھی پاک فضائیہ نے آگے بڑھ کر خدمات انجام دیں۔ سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز کی مدد میں بھی پاک فضائیہ قومی کاوشوں میں شریک ہے۔
جدید ساز و سامان سے لیس پاک فضائیہ ملک کی حفاظت کے لئے تیارہے،ایئر چیف مارشل طاہررفیق بٹ
وقتِ اشاعت : September 24 – 2014