لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس اور سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملے میں ملؤث پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے 36 کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے وکیل اشتیاق چوہدری کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس قاسم خان نے حکم دیا کہ ان کارکنوں کو کسی قسم کے ضمانتی مچلکے حاصل کیے بغیر ایک گھنٹے میں رہا کیا جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ان افراد کی رہائی کا نوٹیفیکشن بھی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ تیرہ ستمبر کو پنجاب کے مختلف شہروں سے پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے سینکٹروں کارکنوں کو حراست میں لیے گئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کے تحت چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا۔
تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے اگلے ہی روز ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔
عوامی تحریک کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر اس درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود اب تک عوامی تحریک کے 36 ایسے کارکن ہیں جن کو رہا نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اپنے ہزاروں حمایتیوں کے ہمراہ حکومت کے خلاف اسلام آباد میں مظاہرہ کررہے ہیں۔
ان کے مطالبات میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے استعفے کا مطالبہ سرفہرست ہے۔