|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2014

بولی وڈ میں ہر زمانے میں متعدد افراد ایک اسٹار کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنا پرستار بنایا، مگر کچھ ایسے بھی تھے جنھیں ذاتی زندگی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس سے عام لوگوں کو زیادہ آگاہی حاصل نہیں تھی۔ میڈیا ہی ان روشن ستاروں کی زندگی سے آگاہ رکھنے کا واحد ذریعے تھا، تاہم ان مشہور شخصیات کی کم عمری میں ہی موت بہت بڑے جھٹکے کی شکل میں لوگوں کو لگی جس سے ہمارے دل میں جو گھاﺅ لگا وہ انہیں ہمیشہ یاد رکھنے کے لیے کافی ہے۔

جیا خان


بولی وڈ اداکار نے اپنا ڈیبیو فلم ‘نشبد’ میں امیتابھ بچن کے ساتھ 2007 میں کیا، اپنے ناکام فلمی کرئیر کے ساتھ ساتھ جیا کو محبت کے میدان میں بھی مشکلات کا سامنا ہوا جس نے بظاہر جیا کو توڑ دیا، پچیس سالہ اس اداکار نے ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں خودکشی کرلی، ان کی موت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آسکا۔

دیویا بھارتی


یہ خودکشی تھی یا حادثہ؟ مگر نوے کی دہائی کی ابھرتی ہوئی اسٹار دیویا بھارتی کی زندگی بہت کم عمری میں ہی المیہ انداز میں اختتام پذیر ہوئی، یہ بولی وڈ اداکار صرف انیس سال کی تھی جب وہ اپنے پانچ منزلہ بلند اپارٹمنٹ سے توازن کھونے کے باعث نیچے جاگری۔ دیویا نے تیرہ سال کی عمر میں اپنا کریئر شروع کیا اور اپنے وقت کی انتہائی مقبول اور ابھرتی ہوئی اداکاراﺅں میں شامل ہوگئیں، جن کی صلاحیت کی بنا پر انہیں بولی وڈ کی مستقبل کی کوئین بھی کہا جانے لگا تھا مگر بدقسمتی سے ان کے تمام منصوبے 1993 میں ایک عمارت سے گرنے کے باعث چکنا چور ہوگئے، اکیس سال بعد بھی دیویا کی موت کے وقت کے حالات تاحال اسرار کی زد میں ہیں اور متعدد سوالات کے جوابات نہیں مل سکے ہیں۔

نفیسہ جوزف


ہم سب کو نفیسہ جوزف ان کے ایم ٹی وی کے دنوں سے یاد ہیں جہاں وہ ایک مقبول شو ہاﺅس فل کی میزبانی کرتی تھیں، 2007 میں مس انڈیا یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی نفیسہ نے ٹی سیریز او سبھاش گھئی کی فلم تال میں کام بھی کیا، تاہم اس وی جے نے پچیس سال کی عمر میں خود کو اپارٹمنٹ میں پھانسی کے پھندے پر لٹکا لیا۔

پروین بابی


پروین بابی کی موت بیس جنوری دو ہزار پانچ میں صرف پچپن سال کی عمر میں ہوئی جو پر اسرار طریقے سے اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔ پروین بابی نے پچاس سے زائد فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا جن میں کئی فلمیں امیتابھ بچن کے ساتھ تھیں۔ ان کی کامیاب فلموں میں دیوار، امر اکبر انتھونی اور کالا پتھر شامل ہیں۔ انیس سو ستر کے عشرے میں ’نوجوان ناراض نسل‘ کے مزاج کی نمائندگی میں امیتابھ بچن اور پروین بابی کی جوڑی فلمی دنیا میں کامیاب ثابت ہوئی۔

ترونی سچ دیو


رسنا گرل کے نام سے معروف یہ بچی صرف چودہ سال کی عمر میں نیپال میں 2012 میں جہاز کے حادثے میں اپنی ماں کے ہمراہ ہلاک ہوگئی، ترونی کو بولی وڈ میں مقبولیت امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ‘پا’ میں کام کر کے حاصل ہوگئی تھی اور اس نے جنوب کی فلمی صنعت میں کچھ فلموں میں کام بھی کیا۔

سوندریا


جنوب کی یہ اداکار 2004 میں بنگلور کے قریب ایک ہوائی حادثے میں ہلاک ہوئی، سو سے زائد فلموں میں کام کرنے کے بعد سوندریا نے فلموں کو پروڈیوس کرنا شروع کیا تھا، جب یہ خوبصورت اداکار اس دنیا سے گزری تو اس کی عمر صرف 32 سال تھی۔

سلک سمتھا


اس اداکار کی کہانی پر ہی بولی وڈ اسٹار ودیا بالن کی فلم ‘دی ڈرٹی پکچر’ بنائی گئی تھی، سلک سمتھا جنوبی ہندوستان کی اداکار تھی اور اپنے سترہ سالہ کریئر میں متعدد فلموں کے ذریعے اس نے شہرت سمیٹی، تاہم اس پرکشش اداکار نے شراب نوشی کی عادت کے باعث 35 سال کی عمر میں ہی خودکشی کرلی۔

کُلجیت رندھاوا


وہ ٹی وی سیریل ‘کوہ نوہ’ میں اپنے کردار کے باعث شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں، ماڈل اور اداکار کُلجیت نے تیس سال کی عمر میں خودکشی کی اور اپنے خط میں لکھا کہ وہ زندگی کے دباﺅ کا سامنا نہیں کرسکتیں۔

سنجیو کمار


فلموں میں بعض کردار ایسے ہوتے ہیں جو کسی بھی فنکار کی تقدیر بدل دیتے ہیں یہ کردار جب تک فلمی دنیا کا وجود ہے ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک کردار بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم ‘شعلے’ میں ٹھاکر کا تھا جسے نامور ہندوستانی اداکار سنجیو کمار نے ادا کیا۔ فلم ‘شعلے’ جو1977 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی نے دنیا بھر میں کامیابی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور آج بھی جب لوگ یہ فلم دیکھتے ہیں تو سنجیو کمار کے کردار کو داد دیے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انھوں نے 1960 سے 1985 تک فلموں میں ادکاری کے جوہر دکھائے اور پھر47 سال کی عمر مکمل کر کے دنیا سے رخصت ہوگئے، ان کی فلمی زندگی کا سفر ایک یاد گار حیثت رکھتا ہے۔

سمیتا پاٹل


سمیتا پاٹل متوازی انڈین سینما کی بہت زیادہ باصلاحیت اداکار تھیں اور انہوں کے کئی بہترین فلمیں جیسے بومیکا، مرچ مصالحہ اور دیگر میں کام کیا، تاہم وہ صرف اکتیس سال کی عمر میں 1986 کو بیٹے کی پیدائش کے بعد انتقال کرگئیں۔

مدھو بالا


اپنے وقت کی خوبصورت ترین اداکاراﺅں میں سے ایک ممتاز جہان دہلوی عرف مدھو بالا کا انتقال 36 سال کی عمر میں عارضۂ قلب کے باعث ہوا، اس بے مثال اداکار کا کامیاب کریئر دو دہائیوں پر محیط تھا، مدھو بالا پیدائشی طور پر دل میں سوراخ کے مرض کا شکار تھیں اور یہی ان کی موت کا سبب بھی بنا۔

گیتا بالی


معروف اداکار گیتا بالی کی شادی شمی کپور سے ہوئی تھی اور سب کچھ اچھا جا رہا تھا کہ 1965 میں گیتا بالی بیماری کا شکار ہو کر دنیا سے گزر گئیں اور بولی وڈ ایک معروف اداکار سے محروم ہوگیا۔

گرو دت


مشہور ہندوستانی اداکار، ہدایت کار اور فلمساز نے اپنے کریئر میں بطور اداکار کُل 17 فلموں میں کام کیا اور اُن میں سے 8 فلمیں انہوں نے خود ڈائریکٹ کیں اور یہی فلمیں اُن کی سب سے بہترین فِلمیں بھی ثابت ہوئیں۔ گرو دت کے کام کرنے کا طریقہ ہی کچھ ایسا تھا کہ پہلے ایک کامیڈی بناتے اور اُس کے فورا بعد ایک سنجیدہ فلم بنانا شروع کر دیتے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’صاحب، بیوی اور غلام‘ اور ’چودہویں کا چاند‘ بھی شامل ہیں جو انہوں نے خود ڈائریکٹ نہیں کیں۔ فلم ’پیاسا‘ میں ناظرین نے پہلی بار پردہ اسکرین پر گرو دت اور وحیدہ رحمان کو فلمی جوڑی کے روپ میں دیکھا اور ان کی جوڑی ہٹ ہوگئی۔ اس کے بعد دونوں کی جوڑی نے 1958 میں فلم ’بارہ بجے‘ 1959 میں ’فلم کاغذ کے پھول‘ 1960 میں فلم ’چودہویں کا چاند‘ میں یادگار کردار نبھائے۔گرو دت نے ایک روز اتنی نیند کی گولیاں کھا لیں کہ 10 اکتوبر 1964 کو محض 39 سال کی عمر میں ان کی موت واقع ہوگئی۔

مینا کماری


ٹریجڈی کوئین کا خطاب حاصل کرنے والی مینا کماری کا انتقال 1972 میں صرف 39 سال کی عمر میں ہوا، ان کی موت کا سبب الکوحل کا زیادہ استعمال تھا، جس کی وجہ ان کی ذاتی زندگی کی تلخیاں تھیں جس کو بھلانے کے لیے وہ شراب کا بہت زیادہ استعمال کرنے لگی تھیں اور اسی وجہ سے ان کی اپنے شوہر کمال امروہوی سے علیحدگی بھی ہوئی تاہم وہ واپس آئیں مگر اس وقت تک بہت تاخیر ہوچکی تھی اور کچھ ہی عرصے میں وہ دنیا سے گزر گئیں۔

مارلن منرو


ہولی وڈ کی اس خوبصورت اداکار کی موت کے بارے میں متعدد خیالات سامنے آئے ہیں، وہ اپنے بیڈ روم میں مردہ پائی گئی تھیں اور متعدد افراد کے خیال میں انہیں قتل کیا گیا تھا، جبکہ ایک خیال یہ ہے کہ اس پُراسرار موت کی وجہ منشیات کا زیادہ استعمال تھا، مارلن منرو اپنی موت کے وقت 36 سال کی تھیں۔

بریٹنی مرفی


ہولی وڈ کی اس اداکار کو دنیا سے گزرے چار سال سے زائد عرصہ ہوگیا اور نمونیہ اس کی جان لے گیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ باتھ روم کے فرش پر مردہ پائی گئی تھی اور اپنی موت کے وقت اس اداکار کی عمر 32 سال تھی۔

پال واکر


ہولی وڈ کے معروف امریکی اداکار اور فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کے ہیرو پال واکر کی موت کار حادثے میں زخمی ہونے اور اس کے بعد گاڑی میں لگنے والی آگ سے ہوئی۔ جب کیلیفورنیا میں یہ حادثہ پیش آیا تو چالیس سالہ واکر کی ایک لال رنگ کی پورشے اسپورٹس کار کی پیسینجر سیٹ پر تھے۔ واکر نے سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ میں اداکاری کی تھی اس کے بعد اس فرنچائز سے منسلک چھ مزید فلموں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ان کے چاہنے والے، انگنت پرستار اور ساتھی فنکاروں کا کہنا ہے کہ پال دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔