بدھاپسٹ: پاکستان میں گلو بٹ اور اس کی توڑ پھوڑ کے چرچے ہیں لیکن گلو بٹ کو اپنی اس حرکت پر جیل کی ہوا کھانا پڑی مگر ہنگری گلو بٹ طرز کا مزاج رکھنے والے لوگوں کے لیے ایک ایسا کلب بنایا گیا ہے کہ جن لوگوں کو شدید غصہ آئے وہ اس کلب میں جائیں اور خوب توڑ پھوڑ کریں اس بدلے میں انہیں کوئی جیل نہیں بھیج سکتا۔
ہنگری شہر بدھاپسٹ کے کلب ’فیوریوس نس سینٹر‘ نے لوگوں کے غصے کو ٹھنڈا کرنے کا منفرد اور دلچسپ طریقہ متعارف کرا دیا ہے اس کلب میں جو لوگ آتے ہیں انہیں ایک کمرے میں بھیج دیا جاتا ہے اور وہاں ان کو نہ صرف توڑ پھوڑ کی اجازت ہوتی ہے بلکہ اس کے لیے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے لیکن یہ سب کچھ ایک مخصوص دائرے تک محدود ہے تاکہ کوئی بدمزگی پیدا نہ ہو۔
کلب میں آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ جب وہ زیادہ پریشانی اور ذہنی تناؤ کا شکار ہوتے ہیں تو وہ اس کلب میں آجاتے ہیں اور اپنا سارا غصہ اور ذہنی تناؤ چیزوں کو توڑ کر نکالتے ہیں، کلب میں موجود شخص کا کہنا تھا کہ اسے چیزوں کو توڑنے اور دیوار پر مارنے میں مزہ آتا ہے اس سے اسے نہ صرف ذہنی تسکین ملتی ہے بلکہ گھر کی قیمتی چیزوں کے نقصان سے بھی بچ جاتا ہوں جبکہ کلب کے مالک جارجیلی بدھا کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ جو ذہنی پریشانی کے باعث اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں انہیں اس سینٹر میں ایسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے جس میں وہ اپنا سارا غصہ یہیں نکال لیتے ہیں اور زیادہ بہتر ذہنی سکون کے ساتھ گھر کو لوٹتے ہیں۔