لاہور : وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انقلاب لانے والوں کو اللہ کا خوف کرنا چاہیئے کیونکہ اگر انقلاب کا سیلاب آیا تو یہ بنی گالا اور وزیراعظم ہاؤس سمیت اشرفیہ کا سب کچھ بہا کے لے جائے گا۔
وزیر اعلٰی ہاؤس ماڈل ٹاون میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انقلاب اور دھرنے دینے والوں کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنی زاتی انا چھوڑ کر ملک کی ترقی کے میدان میں کود پڑنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے اور انقلاب لانے والے اٹھارہ کروڑ عوام پر رحم کریں۔
اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز پنجاب کی صدر رخسانہ انور نے باون ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ان کی نوکری پر مستقل کیے جانے پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے باون ہزار خاندانوں کی زندگیوں پر جو رحم کیا ہے اسکی مثال تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔
وزیر اعلی پنجاب نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں پر زیادہ توجہ دیں تاکہ مصیبت میں مبتلا لوگوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔