لندن : کیا آپ کو معلوم ہے کہ مرد حضرات خود کو گھریلو کاموں سے کیسے بچاتے ہیں؟ وہ جان بوجھ کر اتنا خراب کام کرتے ہیں کہ بیویاں انہیں دور بھگا دینا ہی بہتر سمجھتی ہیں۔
یہ دلچسپ انکشاف ایک نئے سروے میں سامنے آیا ہے۔
سروے کے مطابق ایک تہائی مرد جان بوجھ کر گھریلو کام اتنے برے انداز میں کرتے ہیں کہ ان کی شریک حیات انہیں مستقبل میں کسی بھی کام کے لیے نہ کہے۔
برطانیہ میں ہونے والے سروے کے مطابق مرد حضرات ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ برتن دھونے، صفائی یا بیت الخلاء دھونے کو اتنی بری طرح کریں کہ ان کی بیویاں مستقبل میں کام کرانے کے خیال سے ہی خوفزدہ ہوجائیں۔
سروے میں مردوں کی اکثریت نے تسلیم کیا کہ انہیں گھریلو کام جیسے صفائی اور باتھ روم دھونے کے کام سے سب سے زیادہ نفرت ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیویاں ان سے اتنا تنگ آجائیں کہ انہیں دوبارہ کرنے کا نہ کہیں۔
سروے میں سب سے دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ جو مرد جان بوجھ کر خراب کام کرتے ہیں عام طور پر وہ اس کے لیے مکمل منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں۔
بشکریہ دی ٹیلیگراف