حب: بلوچ عوامی موومنٹ کے رکن مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی نواز علی برفت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں اور کاہل ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث صنعتی شہر حب میں لاقانونیت کا راج ہے تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں جابر افسر شاہی نظام نے اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں۔ سرکاری و نیم سرکاری افسران و جملہ ملازمین عوام کو سہولت بہم پہنچانے کی بجائے منتخب نمائندوں کی خوشنودی حاصل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
ایسے میں محنت کش عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، حب کا یہ حال باعث تشویش اور نا قابل برداشت ہے بلوچ عوامی موومنٹ ان حالات میں شہری نظام کی بدحالی، حکمرانوں کی بے بسی اور عوام کی کسمپرسی پر کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتی اور ہر فورم پر عوامی ایشوز پر آوازحق بلند کرتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حب کے مختلف علاقوں الہ آباد ٹاؤن، بھٹ آباد، میر بالاچ محلہ پاٹھڑہ اور بند مراد ساکران میں وڈیرہ علی حیدر عمرانی، دلشاد علی شیخ، بابو غلام حیدر بلوچ اور کامریڈ امام بخش بروہی کے ہمراہ تنظیمی دورے کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حب میں پانی کے بحران، بجلی کے بحران، سرکاری دفاتر میں عملہ کے بحران سرکاری ہسپتال میں ادویات سمیت ڈاکٹرز وجملہ اسٹاف کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ایک طرف شہر میں منشیات فروشی اور چھالیہ و گٹکے کا کاروبار زور وشور سے جاری وساری ہے۔
دوسری جانب نام نہاد قوم پرست سیاسی رہنما اور منتخب نمائندے اپنی گاڑی پر قومی پرچم اپنی لگاکر سرکاری املاک اورغریب عوام کی اراضیات پر قبضہ کرنے مصروف دکھائی دیتے ہیں منتخب نمائندوں کی جانب سے خواص اور منظور نظر سیاسی ورکرز کو سیاسی رشوت دینے کی غرض سے روڈ یا گلی پکی کرنے کا ٹینڈر کروا کر ناقص ترقیاتی کام کیا جارہا ہے جبکہ حب انتظامیہ بلاوجہ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو تنگ کرتے دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حب کی صنعتوں سمیت دیگر نجی اداروں میں مقامی افراد کے لیے روزگار کے دروازے بند کیے گئے ہیں۔
بلوچ عوامی موومنٹ نااہل حکمرانوں اور کاہل انتظامیہ کی جانب سے حب میں رائج کیے گئے امتیازی قانون پر سراپا احتجاج ہے اور عوامی معاملات میں کسی قسم کی سودے بازی کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوامی موومنٹ مزدوروں، کسانوں، ماہی گیروں، کان کنوں، دکانداروں، ریڑھی بانوں، گلہ بانوں اور محنت کشوں کی نماندہ جماعت ہے جو سابق رکن قومی اسمبلی و سینیٹر میر منظور احمد گچکی اور شہباز طارق بلوچ ایڈووکیٹ کی قیادت میں متحد ومنظم ہے۔