اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ ہوسکتا ہے حکومت ایک اور سال رہ جائے لیکن ہم ناانصافی کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو حکومت دھاندلی کرکے 5 سال بھی پورے کرلے گی کیونکہ پاکستان میں انصاف کا نظام صرف طاقتور کا ساتھ دیتا ہے۔
اسلام آباد میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے ارکان اور عہدیداران کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بڑا انسان وہ ہوتا ہے جو اپنی انا پر قابو پاتا ہے، جو انسان اپنے ذات سے ہٹ کر دوسروں کے لئے سوچتا ہے اللہ اسے عزت دیتا ہے، نیا پاکستان اب زیادہ دور نہیں کیوں کہ قوم پرانے نظام اور پرانی شکلوں سے تنگ آچکی ہے اور عوام سے فنڈز ملنے سے یقین ہوگیا کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی جس پر انصاف لینے کے لئے ہم نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، ہم نے 4 حلقے کھولنے کی بات کی لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی کیونکہ حکومت کو ڈر تھا کہ اگر حلقے کھولے تو لوگوں کو سب پتا چل جائے گا۔
تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو عوام کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچے گی کیونکہ لوگوں نے اس نظام کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، 30 نومبر کو ہمارا سب سے بڑا امتحان ہوگا، حکومت 30 نومبر کے جلسے کو روکنے کی کوشش کرے گی لیکن کارکنان یہ سوچ لیں 30 نومبر کو وہ اپنے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے نکل رہے ہیں اور جب تک ہم اس نظام کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے نظام نہیں بدلے گا، لاڑکانہ کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا اور قوم دیکھے گی سندھ میں کیا ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے حکومت ایک اور سال رہ جائے لیکن ہم ناانصافی کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو حکومت دھاندلی کرکے 5 سال بھی پورے کرلے گی کیونکہ پاکستان میں انصاف کا نظام صرف طاقتور کا ساتھ دیتا ہے۔
30 نومبر کو سب سے بڑا امتحان ہے اور کارکنان یہ سوچ لیں وہ اپنے نہیں قوم کیلئے نکل رہے ہیں، عمران خان
وقتِ اشاعت : November 19 – 2014