|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2020

تربت: سیکرٹری صحت بلوچستان میر دوستین جمالدینی نے کہاہے کہ مکران میڈیکل کالج کو میڈیکل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ریسرچ کامرکز بنانے کی طرف بھرپور توجہ دی جائے،اسے اعلیٰ تحقیقی ادارہ بنانے کیلئے ابھی سے بنیاد مضبوط اور صحیح رکھی جائے، ریسرچ سینٹر اور سینٹرآف ایکسیلنس اور پولی کلینک کے قیام کیلئے ابھی سے پلان تیارکی جائے تب جاکر مستقبل تابناک ہوگا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے مکران میڈیکل کالج کی نئی زیرتکمیل بلڈنگ کے تفصیلی معائنہ کے اختتام پربریفنگ کے دوران کیا، اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئرمنیر احمدبلوچ نے انہیں تفصیل سے بریفنگ دی، اس موقع پر پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر سیدعبدالرؤف شاہ، وائس پرنسپل ڈاکٹر اسلم آزار، پی ایس ٹو سیکرٹری صحت شوکت زہری، ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ،ڈپٹی پی ڈی قاسم گچکی، ایس ڈی او ارشادپرواز۔
پی پی ایچ آئی کیچ کے ڈی ایس ایم حاجی خان بلوچ،فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈپروفیسر غلام رحمانی لاکھو سمیت پروفیسر صاحبان بھی موجودتھے،
پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئرمنیر احمدبلوچ نے انہیں بتایاکہ مکران میڈیکل کالج کی نئی بلڈنگ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اکیڈمک بلاک، 2بوائز ہاسٹل،2گرلز ہاسٹل، لائبریری، رہائشی بنگلے وغیرہ تیارہیں جبکہ آڈیٹوریم، جمنازیم ودیگر زیرتکمیل بلڈنگز آئندہ 3ماہ تک مکمل کرلئے جائیں گے، سیکرٹری صحت بلوچستان میردوستین جمالدینی نے ایم ایم سی بلڈنگز کے معیارتعمیر کو سراہتے ہوئے مختلف ہدایات دیں اورکہاکہ اس کالج کومحض ایم بی بی ایس تیارکرنے کا ادارہ بنانے کے بجائے اسے علم وتحقیق کامرکز بناکر خلیجی ممالک، ایران،چائنا، مصر ودیگر ممالک کے اداروں کے ساتھ ایم او یو سائن کرکے اسے اعلیٰ تحقیقی ادارہ بنایاجاسکتاہے اس کیلئے ابھی سے پلاننگ کی ضرورت ہے
یہاں ریسرچ، سیمینارزودیگر تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہائی اسکولوں اورکالجز کے سائنس کے طلباء وطالبات کو ایکسپوڑر وزٹ بھی کرائے جائیں تاکہ طلباء وطالبات کو طبی تعلیم وتحقیق کی جانب راغب کیاجاسکے اسکول وکالج سطح پر میڈیکل تعلیم کے حوالے سے ان کی ذہنی نشوونما ہوسکے،
انہوں نے ہدایت کی کہ ایک رہائشی بنگلہ میں میڈیکل سینٹر قائم کیاجائے تاکہ اس سے یہاں کے طلباء وطالبات،اسٹاف کے ساتھ ساتھ کالج سے متصل سی پیک ہائی وے کسی بھی حادثہ کی صورت میں یہاں پر فرسٹ ایڈ ودیگر طبی سہولیات کی فراہمی ہوسکے،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہاسٹل، اکیڈمک بلاک، لائبریری،آڈیٹوریم، جمنازیم،گراؤنڈودیگر عمارتوں اور سڑکوں کے نام رکھے جائیں اور ٹیچنگ فیکلٹی اورطلباء وطالبات کو رہائشی بنگلوں اور ہاسٹلز کی الاٹمنٹ یکم ستمبرتک مکمل کی جائے، سیکرٹری صحت بلوچستان میر دوستین جمالدینی نے کہاکہ عید کے فوراً بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو دعوت دی جائے گی
کہ وہ یہاں آکر اکیڈمک بلاک ودیگرتیار بلڈنگز کا باقاعدہ افتتاح کریں، اس موقع پر انہوں نے تالیاں بجواکر پروجیکٹ ڈائریکٹر کی کارکردگی کو سراہا، پرنسپل پروفیسر سیدعبدالرؤف شاہ نے 32ملین فنڈز کی منظوری پر سیکرٹری صحت بلوچستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں قائم تینوں میڈیکل کالجز میں سے مکران میڈیکل کالج نے سب سے پہلے کلاسز شروع کیں جبکہ دیگر کالجز نے ہمیں فالو کیا،
ہم نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی تمام تر ریکوائرمنٹس کو پوراکر لیا ہے انہوں نے بتایاکہ مکران میڈیکل کالج تربت نے رواں سال فروری کے مہینہ میں لاہور میں منعقدہ آل پاکستان فزیالوجی کوئز مقابلہ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے اس مقابلہ میں 45ٹیموں نے حصہ لیاتھا
اور اس مقابلہ کے سوالات سارک ممالک کے فزیالوجسٹ نے بنائے تھے یہ مکران میڈیکل کالج کیلئے ایک اعزاز ہے، اس موقع پر پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر سید عبدالرؤف شاہ نے سیکرٹری صحت بلوچستان کو شیلڈ پیش کیا،علاوہ ازیں سیکرٹری صحت بلوچستان میردوستین جمالدینی مکران میڈیکل کالج کی نئی لائبریری کا افتتاح کیا اور میڈیکل سامان پرنسپل کے حوالے کیئے، بعد ازاں کالج کی مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا،
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالرؤف شاہ نے کالج کے حوالے سے سیکرٹری صحت کو بریف کیا، انہوں نے کالج کی لیبارٹری کے لیئے جدید آلات کے علاو ہ میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال تربت کے لیئے جدید اور ضروری میڈیکل سامانِ جن میں سرجیکل ایکواپمنٹ، مختلف شعبہ جات کے لیئے انسٹرومنٹس، جنرل سرجری، آئی سرجری اور آرتھو پیڈک کے آلات، انکیو بیٹر بے بی اور بے بی وارمر شامل تھے پرنسپل مکران میڈیکل کالج اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کے حوالے کردیئے،جبکہ سیکرٹری صحت بلوچستان کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتال تربت کیلئے 5آئی سی یو بیڈز رواں ہفتے ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچادئیے جائیں گے۔