کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ بلو چستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس خطے میں تجارت،سیاحت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع میسر ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو اس طرف راغب کیا جائے اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلو چستان کی سربراہی میں اورصوبے کی تاریخ میں پہلی بار بلو چستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا قیام عمل میں لائی جو صوبے میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بی بی آئی اور پاک ترک فرینڈ شپ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلو چستان انو یسٹمنٹ ویب نار کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بلو چستان میں قدرتی وسائل ساحل سمند ر،پہاڑ میدان،صحرا،جنگلات،قدرتی مناظر،زراعت مالداری اور دیگر شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے تحاشامواقع اور امکانات ہیں۔
ہمیں صرف سرمایہ کاروں کو اس طرف مائل کرنا ہے بیرونی سرمایہ کاری کے آنے سے صوبے کے آمدنی میں اضافہ ہو گا اور صوبے کے بے روزگار نوجوانون کو بھی روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا حکومت بلو چستان سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محصولات میں بھی رعائیت فراہم کرے گی۔اگر حکومت سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہو تو صوبہ خود انحصاری کے سفر کو رواں دواں رکھے گا حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے اسلام آباد میں بی بی آئی ٹی کا دفتر قائم کیاہے اور اس کے دفاتر کراچی اور گوادر میں بھی بہت جلد قائم کیے جائیں گے۔
جہاں پر سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی رہنمائی بھی کی جائے گی ان سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری،تجارت،سیاحت کے بارے میں مکمل معلو مات فراہم کی جائینگی۔