|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2020

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے 30جولائی کو پاک افغان بارڈر پرپیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی،انکوائری کمیٹی ذمہ داران کا تعین،نقصانات کااندازہ اور حالات کومعلوم کرکے رپورٹ 15دن کے اندر وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کریگی۔

محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 30جولائی کو پاک افغان بارڈر باب دوستی پر پیش آنے والے واقعہ سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔

کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو،ممبران میں صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر ایڈووکیٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ بشیر احمد،چمن چیمبرآف کامرس کے نمائندہ اور محنت کشوں کانمائندہ شامل ہوگا،کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنسز کے تحت واقعہ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات معلوم کرنا،ذمہ داران کا تعین کرنا،واقعہ میں ہونے والے نقصانات کااندازہ لگاکر انکوائری رپورٹ 15کے اندر وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرناہوگا۔