|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2020

تربت: نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے ترجمان نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ انہیں فوری طورپر بحال کیاجائے بصورت دیگر نیشنل پارٹی احتجاج کا راستہ اختیارکرنے پرمجبورہوجائے گی، انہوں نے کہاکہ انتہائی افسوس کامقام ہے کہ کرونا عالمی وباء کے پیش نظر غریب طبقہ پہلے ہی سے تباہ حال اورپریشانیوں سے دوچار تھا ان کے چولہے بند ہوگئے تھے۔

ان حالات میں سینکڑوں ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنا صریح ظلم وناانصافی ہے ان سینکڑوں خاندانوں کا واحد ذریعہ بھی یہی تھا ایک طرف ان کو انتہائی معمولی تنخواہیں دی جارہی تھیں جو ہوشربا مہنگائی کے اس دورمیں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابرتھی ان سینکڑوں ملازمین کے فاقہ زدہ بچوں سے منہ کانوالہ چھینناکسی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت انتہائی ناکام ہوچکی ہے۔

عوام کوملازمتیں دینا اپنی جگہ اب روزانہ اجرت پرکام کرنے والوں کوبھی نہیں بخشا جارہاہے انہوں نے کہاکہ الیکشن کے موقع پر عوام کو سبزباغ دکھاکر ایک ایک گھرمیں 3، 3ملازمتیں دینے کے وعدے کرنے والوں نے اب غریب عوام کوبے یارومددگار چھوڑ دیاہے انہوں نے کہاکہ اگر ان ڈیلی ویجز ملازمین کوفوری طورپر بحال نہ کیاگیا تونیشنل پارٹی ان ڈیلی ویجز اور عوام کے ساتھ مل کر شدید احتجاج کرے گی۔