کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے جمعیت کے سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں احتجاج کیا، ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے جبکہ آج اتوار کو بھی کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن جبکہ بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام جمعیت علماء اسلام کے رہنماء ڈاکٹر خالد سومرو کے بہیمانہ قتل کے خلاف سائنس کالج چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر ولی محمد ترابی ، جنرل سیکرٹری مولوی عبدالحنان ، مولانا انوار الحق حقانی ،مولانا اللہ داد،حاجی ولی محمد ، حاجی عبدالصادق نورزئی اور میر حشمت لہڑی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ سندھ میں پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر خالد سومرو کو دن دیہاڑے مسلح افراد نے ٹارگٹ کرکے شہید کردیا ،ڈاکٹر صاحؓ پر اس سے پہلے بھی حملے کئے گئے ،سندھ حکومت مقتول رہنماء کو سیکورٹی دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی جس کی وجہ سے دہشتگرد اپنے عزائم میں کامیاب ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ واقعہ کے خلاف جمعیت علماء اسلام نے کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور صوبے کی تمام قومی شاہراہوں پر دھرنا دے کر آمدروفت بند رکھی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے ہمارا ساتھ دیں ۔ مقرین نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی شہادت کا واقعہ مسلمانان عالم بالخصوص پاکستانی عوام کیلئے ایک عظیم سانحہ ہے یہ وہ سازش ہے جس کے ذریعے عالمی استعمار ملک میں شیعہ سنی فساد برپاکرنا چاہتے ہیں مگر جمعیت علماء اسلام ان استعماری قوتوں کی عزائم کو ناکام بنادینگے انہوں نے کہاکہ اس طرح کی ناپاک کوششوں سے ہم اپنا مشن نہیں چھوڑ سکتے بلکہ شہادت ہی ہمارا منزل ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب ہر دینی محاذ کے محافظ تھے انہوں نے اپنی پوری زندگی عقیدہ ختم نبوت ‘تحفظ ناموس صحابہؓ اور تحفظ ناموس رسالت کیلئے وقف کردی وہ باطل قوتوں کیلئے ایک خطرہ تھے اسی لئے انہیں راستے سے ہٹادیاگیا انہوں نے کہاکہ کچھ نادیدہ قوتیں جمعیت علماء اسلام جیسے معتدل سیاسی جماعت کو تشدد کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے اس طرح کی ناپاک کوششیں کررہے ہیں جو انشاء اللہ ناکام بنادی جائیگی انہوں نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہم اپنا مشن نہیں چھوڑ سکتے بلکہ ہمارا ہر کارکن شہید سومرو کی فکر کو لیکر شہادت کی تمنا رکھتا ہے ہماری پوری تاریخ شہیدوں سے بری پڑی ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ اس مبارک لہو سے ملک کے اندر اسلام ہی غلبہ ہوگا انہوں نے کہاکہ علامہ خالد محمود سومرو کا کردار اور عظیم قربانی جماعت سے وابستہ کارکنوں کیلئے ایک مشعل راہ ہے لہٰذا جماعت سے وابستہ کارکنوں کو اس قربانی کی اس عظیم فکر کو زندہ رکھنے کیلئے کمر بستہ ہونی چاہئے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر خالد محمود کی شہادت میں جس بربریت کا مظاہرہ کیاگیا اس سے حکومت کی ناکامی واضح ہو گئی ہے اور اس وقت وہ تمام خفیہ ادارے جن کے پاس ملکی سلامتی کی ذمہ داری موجود ہے اس واقعہ کے بعد ان کی بے حسی اور ناکامی عوام پر واضح ہو چکی ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن جیسے عالمی رہنماء پر کوئٹہ میں قاتلانہ حملہ اسی سازش اور منصوبے کا حصہ تھا اور آج اسی سازش کے ذریعے ایک ایک کرکے ہمارے آکابرین کو راستے سے ہٹایاجارہا ہے اور ہمیں امن کے بدلے دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہیں مگر ہم بحث حکمرانوں پر یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے بصورت دیگر وہ دن دور نہیں کہ مجبوراً ہمارے ہاتھ بااختیار لوگوں تک پہنچ جائے ۔ژوب، مستونگ، لورالائی، سبی، نصیرآباد، نوشکی، قلات اور دیگر شہروں میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے جمعیت کے سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر خالد محمو د سومرو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں احتجاج
وقتِ اشاعت : November 29 – 2014