|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2020

کوئٹہ: پاکستان ریلویز کا کوئٹہ ڈویژن ملازمین کی قلت کا شکار ہوگیا 267 گینگ مینوں میں سے صرف 57اہلکار تیرہ سو کلومیٹر ٹریک کی دیکھ بھال کیلئے تعینات ہیں انجن ڈرائیورز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ریٹائرڈ ہونے والے ڈرائیور کو تین سال کے کنٹریکٹ پر دوبارہ رکھا لیا گیا کوئٹہ سبی سیکشن پر انگریز دور کے بنے دس سے زائد ریلوے اسٹیشن بند کردئیے گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق محکمہ ریلویز کا کوئٹہ ڈویژن مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی کمی سے شدید مشکلات سے دوچار ہے،تقریبا تیرہ سو کلومیٹر ٹریک کے ریلوے ڈویژن میں ریلوے پیٹری،پلوں اور سرنگوں کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے 267 گینگ مینوں میں دوسو دس ریٹائر ہوگئے ہیں اور اب صرف 57اہلکار ریلوے ٹریک کی دیکھ بھال کیلئے تعینات ہیں۔

اسی طرح کوئٹہ سبی سیکشن پر اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹرز کی بیس پوسٹ خالی پڑی ہیں عملے کی کمی کے باعث اس سیکشن پر انگریز دور کے بنے دس سے زائد ریلوے اسٹیشن بند کردئیے گئے جبکہ کوئٹہ تفتان سیکشن پر تو بیشتر ریلوے اسٹیشن خالی پڑے ہیں محکمہ ریلویز نے اس ڈویژن میں انجن ڈرائیورز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ساٹھ سال کی عمر پوری کرکے ریٹائرڈ ہونے والے ڈرائیوروں کو تین سال کے کنٹریکٹ پر دوبارہ تعینات کردیا ہے۔