لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ 4 ماہ کے ٹی وی ڈرامے سے متاثر ہوکر جمہوریت کو گرانا نہیں چاہتے جب کہ نوازشریف کو میرے عزیز ہم وطنوں والوں سے بہتر سمجھتا ہوں۔
لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹے کے یوم تاسیس کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ بھیڑیے نے اسلام آباد میں خیمے لگا رکھے ہیں، عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کو آلودہ کررکھاہے اور ایسی صورتحال میں سیاستدانوں کو سنبھل سنبھل کر چلنا ہوگا۔ عمران خان عالمی سیاست کو نہیں سمجھتے جب کہ ان کی سیاست امپائرکی انگلی کےزورپرچلتی نظرآتی ہے اور اس طرح سیاست نہیں کی جاتی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ہماری سیاست میں بہت فرق ہے، ان کی چھوٹی اورہماری سوچ آگےکی ہے۔ کپتان کو بولنگ کرانے دیں ہمیں کوئی جلدی نہیں، 4 ماہ کے ٹی وی ڈرامے سے متاثر ہوکر جمہوریت کو گرانا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی کشتی ڈوب گئی تو ’’میرے عزیز ہم وطنوں‘‘ کہنے والا آجائے گا اور وہ نواز شریف کو عزیز ہم وطنوں سے بہتر سمجھتے ہیں جب کہ ان کے اپنے دور حکومت میں بھی پنجاب کے دوستوں نے انہیں تنگ کیا تھا۔
نواز شریف کو ’’میرے عزیز ہم وطنوں‘‘ کہنے والوں سے بہتر سمجھتا ہوں، آصف زرداری
وقتِ اشاعت : November 30 – 2014