|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2020

کوئٹہ: شاہراہِ عام پر قوم کی بیٹی کی عصمت تار تار ہونے پر ریاست مدینہ کے علمبردار کو مستعفی ہوجانا چاہئیے، سی سی پی لاہور کا یہ بیان کہ خاتون کیوں موٹر وے سے سفر کررہی تھی انتہائی جاہلانہ اور بچگانہ ہے ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے گزشتہ روز لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے درناک واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہا کہ اس گھنانی حرکت پر حکومت اور وزارت داخلہ کو فرائض منصبی کا احساس تک نہیں کہ موٹر وے جیسی شاہراہ پر بھی قوم کی بیٹیوں کی عزت وعصمت محفوظ نہیں اس حوالے سے ریاستی اداروں کی غفلت ناقابل فہم اور ناقابل برداشت ہے

اس قبیح عمل سے ملک کی شناخت بری طرح متاثر ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر نیازی کے لاڈلے بزدار سے باز پرس کی جائے کہ وہ کہاں سورہے ہیں انہوں نے کہا کہ نظام حکومت اورنظام زندگی مفلوج ہے،حکومت کی کرسیوں پرایسے لوگ قابض ہیں جن کے اندر شرم وحیا اور احساس نام کی کوئی چیز باقی نہیں ہے،

یہی وجہ ہے ملک دن بہ دن تنزلی کی جانب بڑھ رہاہے،لاکھوں لوگ بے روز گار ہوچکے ہیں،بھوک سے لوگ اب اپنی جان گنوا چکے ہیں،جی ڈی پی یعنی ترقی کی شرح صفر ہے امن و امان اور لوگوں کی عزت وعصمت کی حفاظت میں ناکام ہوچکی ہے لوگوں کے دکھ درد اور پریشانیوں کیاحساس کیلئے ضمیر کا ہونا ضروری ہے جس سے یہ حکمران عاری ہے وہ بڑے فخر سے کہتے ہیں

کہ اپنی باتوں سے مکر جانا یعنی قوم کے ساتھ کئیے گئے وعدوں سے یوٹرن لینا اچھی قیادت کی علامت ہے اس حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیاجائے تو یہ سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی کہ اس حکومت نے قدم قدم پر لوگوں کیلئے مشکلات ومصائب کھڑے کئے ہیں،انھوں نے اب تک کوئی ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جس سے لوگوں کی مشکلات کم ہوئی ہوں۔