کراچی: ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باوجود کرایوں میں کمی سے انکار کردیا ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے نائب صدر کا کہنا تھا کہا ہم نے پہلے ہی کرایوں میں بہت زیادہ کمی کردی ہے جب کہ ہماری زیادہ تر گاڑیاں سی این جی پر چل رہی ہیں اس لئے اگر سی این جی کی قیمت میں کمی ہوتی ہے تو ہم کرایوں میں بھی کمی کردیں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث صوبے بھر میں اندرون شہر اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کرایوں میں 8 فیصد کمی کردی ہے جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا حکومت نے کرایوں میں خاطر خواہ کمی کا عندیہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف نے حویلیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ ماہ سے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 39 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 34 پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 10 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا جس کا آج باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کرایوں میں کمی سے انکار کردیا
وقتِ اشاعت : November 30 – 2014