|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او عابد حبیب پولیو مہم کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس میں شرکت کیلئے تھانے سے سی سی پی او آفس پہنچے تھے ۔ اجلاس میں شرکت سے پہلے ہی عابد حبیب نے سی سی پی او آفس سے ملحقہ تھانہ بجلی گھر کے ایس ایچ او کے کمرے میں جاکر سرکاری پستول سے خود کو گولی ماری۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی سی سی پی او آفس اور بجلی گھر تھانے میں موجود پولیس کے اعلیٰ افسران اور اہلکاران کمرے میں پہنچے تو عابد حبیب خون میں لت پت تھے۔ کنپٹی پر خود کو گولی مارنے کے باعث موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ سی سی پی او عبدالرزا ق چیمہ بھی اطلاع ملنے پر تھانے پہنچ گئے۔ بعد ازاں لاش ضروری کارروائی کے لئے سول اسپتال پہنچائی گئی جہاں اطلاع ملنے پر پولیس کے افسران، متوفی کے رشتہ داران اور دوستوں کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی۔ متوفی مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے سب انسپکٹر عابد حبیب کو چند روز قبل ہی پولیس تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کا ایس ایچ او تعینات کیا گیا تھا۔خودکشی کی وجہ ذہنی دباؤ بتایا جاتا ہے تاہم پولیس کے حکام نے خودکشی کی وجہ سے متعلق بات کرنے سے گریز کیاہے۔ دریں اثناء متوفی کے بھائی شمس نے اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بھائی بہادر انسان تھا ، اس نے خودکشی نہیں کی۔ پولیس صحیح طریقے سے واقعہ کی تفتیش کرے اور واقعہ کے ذمہ دارکا تعین کرے ورنہ ہم سمجھیں گے کہ پولیس اس واقعہ کے ذمہ دار ہے ۔