|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2014

کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے مخصوص نشستوں پرپہلے سے جمع شدہ کاغذات نامزدگی کے بارے میں خدشات کے اظہار کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ پروفیشنل ،سوشل ورکر کی نشستیں بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ختم کردی گئی ہیں اب ہر لوکل کونسل میں مزدور اور کسان کی کیٹیگری پر5فیصد اور کم از کم ایک کی بنیاد پر الیکشن کا از سر نو انعقاد کیا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ ورکر اور کسان کیلئے پہلے سے جمع شدہ کاغذات نامزدگیوں کو منسوخ قرار دے دیا گیا ہے مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑنے کیلئے تمام اہل مزدور،کسان امیدواروں کو از سر نوکاغذات نامزدگی شیڈول کے مطابق 8اور 9دسمبر کو متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرانے ہوں گے تاہم فیس سے متعلق رعایت دی گئی ہے کہ اگر کسی امیدوار نے پہلے ورکر یا کسان کیلئے مذکورہ الیکشن فیس جمع کرائی تھی تو وہ اپنے نئے کاغذات نامزدگی کے ہمراہ بطور ثبوت اپنی جمع شدہ رسید پیش کرسکتے ہیں علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعزم ہے اور تمام تر تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور اس سلسلے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ الیکشن میں کسی طرح کا سیاسی دباؤ یا گڑ بڑ کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔