بھونیشور: ہندوستان میں کھیلے جارہے ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے کوارٹرفائنل میں پاکستان نے نیدرلینڈ کو 2۔4 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے کوارٹرفائنل میں نیدرلینڈ کی ٹیم نے حسب روایت جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور ساتویں منٹ میں ہی پہلا گول کر کے برتری حاصل کرلی۔
پہلے کوارٹر میں 0۔1 سے خسارے میں جانے والی قومی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں جارحانہ انداز اختیار کیا اور دوسرے کوارٹرکے آغاز میں ہی عمربھٹہ نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔
کھیل کے 29 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد عمران نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینک کر پاکستان کو برتری دلادی۔
تاہم ہاف ٹائم کے کچھ دیر بعد ہی نیدر لینڈ کی ٹیم نے دوسرا گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سےعمر بھٹہ اور کپتان محمدعمران نے ایک ایک جبکہ محمد عرفان نے دو گول اسکور کیے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم گروپ راؤنڈ کے تمام میچز ہار گئی تھی۔
رواں چیمپئنز ٹرافی کے پول اے میں شامل پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 2-8، آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-3 اور بیلجئیم کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں شریک آٹھوں ٹیموں کو کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ ملی جبکہ پاکستان نے ناک آﺅٹ مرحلے کے لیے جمعرات کو نیدرلینڈ کا سامنا کیا ۔
کوارٹرفائنل میں قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی میں کم بیک کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کی اس ایونٹ میں شمولیت بھی ایک کاروباری شخص کی پرائیویٹ اسپانسرشپ کی بدولت ممکن ہوسکی جبکہ رواں برس اسے مالی مشکلات کے باعث ملائیشیا میں کھیلے جانے والے اذلان شاہ ٹورنامنٹ سے بھی دستبردار ہونا پڑا تھا۔
پاکستان کی ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی
وقتِ اشاعت : December 11 – 2014