کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلندجوگیزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 25اکتوبر کو پی ڈی ایم کاجلسہ نا اہل سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگاحکومت مخالف تحریک عوامی حقوق کی بحالی اور ملک سے انتقامی سیاست کے خاتمہ کی تحریک ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں 25اکتوبر کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے حکمران مہنگائی کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اس وقت ملک کو ٹائیگر فورس کے حوالے کرکے انارکی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جس کی پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے نجات کے لئے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی عوامی حقوق کی جنگ لڑے گی اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک عوام کے حقوق کے لیے ہے ہم اپنا مقدمہ لے کر عوام کے پاس جارہے ہیں آج ملک کی عوام نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات کے حصول کیلئے سڑکوں پر جمع ہے۔
انشاء اللہ عوامی طاقت سے نااہل، ناکام حکومت سے جلد چھٹکارا حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل اور سلیکٹڈحکمران پی ڈی ایم کی تحریک سے اتناخوفزدہ ہوچکے ہیں کہ انہوں نے کارنر میٹنگ کرنے والے کارکنوں کی گرفتاریاں اور شہروں میں لگائے جانے والے بینرز اتارنے شروع کردیئے ہیں لیکن اپوزیشن کی تحریک کو روکنااب کٹھ پتلی حکومت کے بس میں نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران انتقامی ہتھکنڈوں سے باز آجائیں پاکستانپ پیپلز پارٹی کے جیالے انکی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔