|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2014

شارجہ: پاکستان کے زخمی کپتان مصباح الحق نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جا رہی ون ڈے سیریز کے باقی میچوں سے باہر ہو گئے۔ ٹیم مینیجر معین خان نے اتوار کو بتایا کہ ہیم سٹرنگ انجری کے شکار مصباح وطن واپس نہیں جائیں گے بلکہ وہ ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے۔ 40 سالہ مصباح جمعہ کو شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ معین نے بتایا کہ مصباح کا زخمی ہونا ٹیم کے لیے نقصان دہ ہے۔ ‘مصباح کو تین سے چار ہفتہ تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ اس دوران یو اے ای میں ٹیم فزیو بریڈ رابنسن کی نگرانی میں رہیں گے’۔ رابنسن نے اپنی رپورٹ کے آخر میں کہا ہے ‘میں مصباح کو ٹور پر رہنے کی تجویز دیتا ہوں تاکہ میں روزانہ ان کا علاج اور رہنمائی کر سکوں’۔ معین کے مطابق مصباح کے یہاں رہنے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ نے تفصیلی غور وخوض کے بعد کیا۔ معین کا کہنا تھا کہ اگلے سال ورلڈ کپ کے لیے حتمی 15 رکنی سکواڈ کے انتخاب میں مصباح کی مشاورت اہم ہے۔ ‘مصباح ہمیشہ سے فٹنس کو اہم سمجھتے ہیں اور وہ وقت پر صحت یاب ہونے کے لیے پرعزم ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہوجائیں گے’۔