|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2014

کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب نفرت اور دہشت کو استعمال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

کوئٹہ میں بلوچستان ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان قومی یکجہتی کی علامت ہے اور بلوچستان کے بہادر بیٹے مادر وطن کی حفاظت کے لئے تیار ہیں جب کہ صوبے کے جوانوں کو فوج میں بطور افسر تعینات کیا گیا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، بلوچستان کا ہرشہری پاکستان کی شان اور ہمارے لئے فخر ہے جب کہ فوج کو صوبے کے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج میں صوبے کی تمام زبانوں کے بولنے والوں کی نمائندگی ہے اور وہ دن دور نہیں جب نفرت کے بیج بونے اور دہشت کو استعمال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان نہ صرف امن کا گہوارا بلکہ ترقی و خوشحالی کی مثال بنے گا، اللہ نے صوبے کو بہترین صلاحیتوں اور معدنی وسائل سے نوازا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جو ایک لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں، پاک فوج نے 700 کلو میٹر سڑک پر کام مکمل کرلیا جب کہ 500 کلومیٹر پر کام جاری ہے اور اسی طرح دور دراز علاقوں میں پاک فوج کے طبی کیمپ کام کر رہے ہیں، ضلع کوہلو اور سوئی میں اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں۔