|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2014

کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ اگر ہمیں پاکستان کو بچانا ہے تو طالبان اور ان کے فتنے کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا اور میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے اور دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کی قومی یکجہتی ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ آج کی یہ ریلی قومی یکجہتی پاکستان کی ریلی ہے جس میں ہم آرمی پبلک اسکول کے ان شہیدوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آج پورے پاکستان کو متحد کردیا ہے، یہ طالبان اور سفاک درندے ہیں جن کے خلاف ہم آج عہد کرتے ہیں کہ آج کے بعد ہم سب تیاری کریں گے اور درسگاہوں پر حملہ کرنے والوں  کو زندہ نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ہمیں پاکستان کو بچانا ہے تو طالبان اور ان کے فتنے کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا اس لئے میں پاک فوج اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے جس سے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے جو امن اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے لہٰذا بچوں کو بے دردی سے مارنے والا کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا۔ ایم کیوایم کے قائد نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے طالبان کی حمایت سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ دین کی غلط تعلیم دینے والی جامعہ کو بند کیا جائے اور لال مسجد کو بھی جلا یا ڈھا دیا جائے۔