|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2014

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے دہشت گردی کے مقدمات میں سزا یافتہ 50 سے زائد قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں ۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ان مجرموں کو کسی بھی وقت تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد اب تک 6 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ برطانوی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پھانسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بلیک وارنٹ جاری ہونے کے بعد سزائے موت دیے جانے کی مدت کو 14 دنوں سے کم کر کے 3دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان دنوں میں انہیں پھانسی نہیں دی گئی تو حکومت کو نیا بلیک وارنٹ جاری کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ وفاٍقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان 500 افراد کو پھانسی دیئے جانے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی پاکستان میں سزائے موت کی بحالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایک بیان میں عالمی تنظیم نے پاکستان میں مزید 500 مجرموں کو پھانسی دینےکی اطلاعات کو پریشان کن قرار دیا۔