تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
زمبابوے نے پاکستان کو مقررہ اوورز میں 134 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ گرین شرٹس نے 16 ویں اوورز میں بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کی جانب سے اننگزکا آغازبرینڈن ٹیلر اور چیبھا بھا نے کیا جو مایوس کن رہا اور دوسرے اوور میں ہی ٹیلر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔
زمبابوے کی جانب سے برل اور ویسلے مدھیویرے ہی پاکستانی بولنگ کے سامنے مزاحمت کرسکے اور دونوں نے بالترتیب 32 اور 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
زمبابوے کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد آنے والے حیدر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بابر اور حیدر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم نصف سنچری بنانے کے فوری بعد کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان نے 16 ویں اوور میں بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور یوں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان کی جانب سے حیدر علی 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
حیدر علی کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ سیریز کا آخری میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔