کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے لئے عوامی مفاد کے منصوبوں پر فوقیت دے رہی ہے اس سلسلے میں صوبے کے جنوبی اضلاع کے لئے چھ سو ارب روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا پیکج دے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جلد بلوچستان کے شمالی اضلاع کے لئے بھی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ بات ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سریاب میں نئے گیس پائپ لائن کی افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے گیس پائپ لائن منصوبے سے علاقے کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن منصوبے میں سریاب روڈ کے دونوں اطراف میں آٹھ آٹھ انچ گیس پائپ لائن آئندہ سال میں مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 1980ء میں بچھائی جانے والی پائپ لائن بوسیدہ ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہوچکی ہے اور آبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے گیس پریشر نہایت گھمبیر مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے سخت سردیوں میں عوام کو کافی مشکلات درپیش ہورہی تھی اور لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے تھے ۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ گیس پریشر پر قابو پانے کے لئے میاں غنڈی سے ضلع مستونگ اور ضلع قلات کے لئے نیا کنکشن دے دیا جائے گا ۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ اس نے میری بار بار اصرار پر منصوبہ شروع کئے جو جلد ہی پایہ تکمیل کو پہنچا دیا جائے گا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ بحیثیت بلوچستان کا نمائندہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ پورے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کیا جائے اور عوام کی آواز بن کر مختصر عرصہ میں دور اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام کرادوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور گیس جیسی عظیم نعمت کو بے جا ضائع نہیں کرنے دیں گیس چوری قانوناً جرم ہے گیس چوری کی وجہ سے گیس کی ترسیل میں خلل پڑ جاتا ہے اور ہمارے اپنے شہریوں کا نقصان ہورہا ہے گیس حکام گیس چوری کے روک تھام کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور لوگوں کو بتادیں کہ گیس چوری جیسے جرم سے ہم اپنے شہریوں اور علاقوں کے ساتھ ظلم کررہے ہیں ۔
اور اس سلسلے میں گیس حکام باقاعدگی سے جو اپنی مہم چلا رہی ہیں عوام کو چاہئے ان کا ساتھ دیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپوزیشن جماعتوں سے گزارش کرتا ہوں کہ کوڈ 19 کی دوسری اور خطرناک لہر میں اپنی سرگرمیوں کو کچھ عرصے کے لئے ملتوی کردیں سیاست ہروقت ہوتی رہتی ہے حالات معمول پر آنے پر وہ واپس اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھیں لیکن عوام کی جان کے ساتھ نہ کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ادوار میں کوئی کام نہ کرنے والے آج اپنے حالات پر رو رہے ہیں۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بیرون ملک بیٹھ کر خود شرمندہ ہورہے ہیں حال ہی میں ایک غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو میں اس کی گھبراہٹ سے یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ انہوں نے کرپشن کی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ بی این پی مینگل کے ساتھ اب بھی مذاکرات ہورہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ وہ واپس حکومت کی اتحادی بن جائے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت باقی اتحادیوں کو بھی ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
بلوچستان میں اتحادی جماعت بی اے پی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ہے اور جام کمال پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں مغربی روٹ صرف برائے نام تھا کوئی کام نہیں ہوا موجودہ حکومت نے مغربی روٹ پر باقاعدہ سے کام شروع کردیا ہے اور ژوب سے کچلاک تک نئی شاہراہ تعمیر کی جائے گی اور ہماری کوشش ہے کہ چمن تا کراچی اور زیارت تا کوئٹہ روڈ کو بھی دو رویہ کیا جائے۔