|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2015

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ریحام خان سے 20 جنوری کے بعد شادی کا ارادہ تھا لیکن میڈیا پر ان کے خلاف خبریں آنے کے بعد جلد شادی کا فیصلہ کیا۔

عمران خان کے نکاح خواہ مفتی سعید کے مدرسے میں دعوت ولیمہ کے بعد  میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شادی کی مبارکباد دینے والے ہر پاکستانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اپنے ولیمے کا کھانا مدرسے کے بچوں کے ساتھ کھا کر بہت خوشی ہوئی، ملک میں گیارہ کروڑ افراد 2 وقت کا کھانا نہیں کھا سکتے اس لئے ضرورت ہے کہ شادیوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے تحائف دینے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن مجھے تحائف دینے والے پشاور میں بننے والے شوکت خانم اسپتال کے فنڈ میں  پیسہ جمع کرائیں تاکہ رواں سال اس کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد دھوم دھام سے شادی کا سوچ بھی نہیں سکتا اس لئے لندن جا کر اپنے بچوں سے شادی سے متعلق بات کی اور تمام تقریب سادگی سےکی، انتخابی دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر اب بھی قائم ہوں اور ملک میں خوشحالی لانے کے لئے انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کوسزائیں دی جائیں۔