|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2015

کراچی: سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی کے قریب مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان خوف ناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 57افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ بد قسمت بس ہفتہ کو کراچی سے شکار پور جا رہی تھی جب سپرہائی وے لنک روڈ پر سامنے سے آنے والے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ پولیسنے بتایا کہ بس میں 55 سے زائد مسافر سوار تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ٹینکر میں پیٹرول تھا جس نے فوری طور پر اگ پکڑ لی کئی مسافروں نے بس سے کودنے کی بھی کوشش کی۔ تصادم کے نتیجے میں بس اور ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔ بس کی چھت پر سوارکئی افراد نے کود کرجانیں بچائیں۔ جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ اب تک 57 افراد کی لاشیں اسپتال لائی جا چکی ہیں مگر اس میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کمشنر کراچی شعیب صدیقی کے مطابق، حادثہ آئل ٹینکر کے ڈرائیورکی غفلت سے پیش آیا اور کئی مسافر جھلس کر دم توڑ گئے۔ ‘جھلسنے کی وجہ سے مسخ لاشوں کی شناخت صرف ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہے۔’ انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی وجہ سے آئل ٹینکرمیں لگنے والی آگ پرقابو نہ پایا جا سکا۔ شعیب صدیقی نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ ایک مسافر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ اسٹیل ٹاؤن کے قریب ہے اور فائر بریگیڈ کا عملہ دو گھنٹےکی تاخیرسے پہنچا۔
واضح رہے کہ لانڈھی کے بعد نیشنل ہائی وے تباہ حالی کا شکار ہے جبکہ اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث بھی مخلاف سمت سے آنے ولی گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس رات کے اوقات میں حادثات کا سبب بنتی ہیں۔