|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2015

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو کل کی ہڑتال واپس لینے کی ہدایت کردی۔

 رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کے خلاف کل صوبے بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی تھی تاہم الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو کل ہونے والی ہڑتال کی کال واپس لینے کی ہدایت کردی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اس لئے شہری سیکیورٹی کے لئے بازاروں اور محلوں میں کمیٹیاں بنائیں تاکہ اپنی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ کارکنان پر تشدد کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے تاجروں کو اسلحہ لائسنز جاری کئے جائیں اور جب حکومت دہشت گردوں کا خاتمہ کردے تو لائسنز واپس لے لئے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے کارکنان کے قتل کے خلاف آج صوبے بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ کل بھی پارٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔