|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں پولیس نے جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزوں پر شہریوں کو بیرون ملک بجھوانے والے گروہ کے ایک رکن کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار کے قبضے سے سینکڑوں پاسپورٹس، ویزا اور اسٹیکرز بھی برآمد کرلئے گئے۔ یہ بات سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشز) کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا نے قائد آباد تھانے میں ایس پی آپریشن قائد آباد سید زاہد حسین شاہ ، ایس ایچ او قائد آباد عاشق حسین کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملزم سید علی عباس کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ ایس ایس پی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملنے تھی کہ ایک شخص جعلی پاسپورٹ و ویزے کا کاروبار کررہا ہے اور سادہ لوح شہریوں سے بھاری رقم بٹور کر ایران اور یورپی ممالک بجھوانے کا غیر قانونی کام کرتا تھا۔ اس اطلاع پر قائد آباد کے علاقے ناصر آباد میں ایک مکان پر چھاپہ مار ا گیا اور ملزم سید علی عباس کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے گھر سے 39 عدد پاکستانی پاسپورٹس ، دو سو پچاس ایران کے جعلی ویزے، سو عدد پاسپورٹس کو تبدیل رکنے والے اسٹیکرز، ایک لیپ ٹاپ اور دو عدد پرنٹرز بھی برآمد کرلئے گئے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم اب تک ایک ہزار سے زائد پاسپورٹس اور اس میں غیر قانونی رد و بدل کرکے جعلی اسٹیکر کے ذریعے شہریوں کو بیرون ملک بجھواچکا ہے۔ گروہ میں شامل چھ دیگر ملزمان کی شناخت بھی ہوگئی جن میں تین کا تعلق کوئتہ اور تین کا کراچی سے ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جعلی پاسپورٹ اور ویزے انسانی سمگلنگ اور دہشتگردی میں بھی استعمال ہوسکتے ہیں اور یہ پاکستان کو بدنام کرنے کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمز کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔