|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2015

تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے بلدیاتی اداروں کی فعالی سے نہ صرف نچلی سطح پر عوامی مسائل حل ہوں گے اور ترقیاتی عمل تیز ہوگا بلکہ امن وامان بھی مزید بہتر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنی آمد کے فوری بعد مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے ٹھوس اور مربوط حکمت عملی تیار کرکے اس پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔ اسلام آباد میں بلوچستان ڈویلپمنٹ فورم کا کامیاب انعقاد کیاگیا جو کہ درحقیقت بلوچستان کی ترقی کا روڈ میپ ہے جس پر چل کر ترقی کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ فورم کے انعقاد کے ذریعہ ڈونرز اور مالیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کی توجہ صوبے کے وسائل کی ترقی کی جانب مبذول کرائی گئی جنہوں نے ا س حوالے سے تیکنیکی اور مالی معاونت کی فراہمی میں اپنی گہری دلچسپی کے اظہار کیا ہے۔ ہمارا وژن اور عزم بلوچستان کے وسائل کو ترقی دیکر انہیں یہاں کے عوام کی فلاح و بہود کیلئے بروئے کار لانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے اصلاح احوال کیلئے ضروری سمجھتے ہیں یہ صوبہ ہم سب کا ہے اور اس کے سودزیاں میں بھی ہم سب شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں خوش اسلوبی کے ساتھ پر امن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے یقیناًبلدیاتی اداروں کے اراکین نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور بلدیاتی نظام پر عوام کا اعتماد پختہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان میں بہتری لائے بغیر سماجی و معاشی ترقی ممکن نہیں ہے اس ضمن میں صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس رکھتی ہے پولیس اور لیویز کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل فراہم کرتے ہوئے انکی صلاحیتوں اور استعداد کار میں اضافہ کیا جارہا ہے تاہم انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ عوام بھی امن وامان کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کا حصہ بنیں