|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2020

موسم سرما کے شروع ہوتے ہی گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال بھی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی قلت اور کم پریشر نے گیس صارفین کا جینا دوبھر کردیا ہے ، صبح و شام گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کو تہجد کے وقت بیدار ہو کر کھانا پکانا پڑتا ہے اس پریشان کن صورتحال کے باعث شہری کالجز ، یونیورسٹیز ،دفاتر اور دکانوں پر ناشتہ کئے بغیر جانے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی گیس غائب ہوجاتی ہے ۔ گزشتہ کئی سالوں سے یہ سلسلہ بد ستور جاری ہے ۔

لیکن کوئی نوٹس لینے والا نہیں، شہریوںنے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس شدید سردی کے موسم میں گیس کے سنگین مسئلے پر متعلقہ ادارے کیخلاف نوٹس لیا جائے بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔اس حوالے سے موسم سرما کے شروع ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پیٹرولیم ڈویژن کے زیر اہتمام گیس کے مسائل پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ قدرتی گیس کے ذخائر بتدریج کم ہورہے ہیں اور موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا بڑا مسئلہ سامنے آئے گا ۔

جبکہ آئندہ برس موسم سرما میں گیس کا بحران جنم لے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سردیوں میں گیس کے بحران کے علاوہ کئی مشکلات ہیں ملک میں 27 فیصد شہریوں کو گیس ملتی ہے جبکہ باقی ایل پی جی سلنڈر استعمال کرتے ہیں اور میں بھی ایل پی جی استعمال کرتا ہوں، ایل پی جی کی قدر عام گیس کے گھریلو صارفین کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے اور اس حوالے سے ندیم بابر نے بھی وزیر توانائی عمرایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر گیس کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ گیس کی کمی سے متعلق وزیراعظم کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا جب گزشتہ دنوں گیس کی شدید قلت کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ آئین کی دفعہ 158 جس میں گیس پیدا کرنے والے صوبوں کو ترجیحی حقوق دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، وہ قابل عمل نہیں رہا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو آگے بڑھنے کے لیے قابل عمل اتفاق رائے حاصل کرنا ہوگا۔اس معاملہ پر بلوچستان کے عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا کہ اگر ایسا ہے تو پھر پورے ملک میں بلوچستان کے علاوہ باقی تینوں صوبوں کو جو گیس سپلائی کی جارہی ہے۔

جس سے فیکٹریاں چل رہی ہیں اور تینوں صوبوں میں چھوٹے سے چھوٹے گائوں میں گیس کی سپلائی جاری ہے اور اس کے علاوہ ملک کے تمام سرکاری اداروں ( کینٹ ، گورنر ہائوس ، وزیراعلیٰ ہائوس وغیرہ وغیرہ) میں کیوں گیس پریشرکم نہیں ہورہی، لے دے کے صرف عوام بچتی ہے جسے جان لیوا سردی میں گیس بھی نہیں دی جارہی۔