معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے موذی مرض کینسر کو شکست دینے کے بعد اسکرین پر واپسی کی خواہش کا اظہار کردیا۔
نادیہ جمیل میں اپریل 2020 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس کے علاج کے لیے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔
نادیہ جمیل میں کینسر کی تشخیص کے بعد 7 اپریل کو ان کی سرجری کی گئی تھی، جس کے بعد آئندہ ماہ تک ان کی کیموتھراپی کی گئی۔
کیموتھراپی کے دوران بال جھڑنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوالیے تھے اور انہوں نے بال منڈوائے جانے کی ویڈیوز و تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
کیموتھراپی کے دوران ان کی طبیعت کافی بگڑ بھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں ان کی طبیعت سنبھل گئی تھی اور جولائی میں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔
کینسر کو شکست دینے کے بعد انہیں ابتدائی طور پر ذیابیطس کی بھی شکایت ہوگئی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس سے بھی نجات حاصل کرنے کی تصدیق کی تھی۔