کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کو دھماکے سے تباہ کردیا گیاجس کی وجہ سے صوبے میں ایک بار پھر بجلی کا بحران پیدا ہوگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے پولیس تھانہ فلیجی کی حدود میں گوٹھ منظور چوہان کے قریب گدو سے کوئٹہ آنے والے دو سو بیس کے وی ٹرانسمیشن لائن کے قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے دھماکے ٹاورز کے ساتھ نصب دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہوئے اور ٹاورز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقہ انتہائی حساس ہے اور رات کے وقت علاقے کو سرچ کرنا مشکل ہوتا ہے اس لئے صبح ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد صورتحال معلوم ہوگی تاہم این ٹی ڈی سی ذرائع نے تصدیق کی ہیکہ گدو سے کوئٹہ آنے والے 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے دو سرکٹ بند ہوگئے ہیں اس لئے اس بات کے امکانات قوی ہوگئے ہیں کہ دھماکے ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز کے ساتھ ہی ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ اسی علاقے میں پہلے بھی بجلی کے ٹاورز تباہ کئے جاچکے ہیں۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق تازہ واقعہ کے بعد بلوچستان میں بجلی کے بحران میں اضافہ ہوجائے گا۔