سڈنی: ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سڈنی کے بلیک ٹاؤن اولمپک پارک میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوور میں 246 رنز بنائے جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ محمد اللہ 83 اور تمیم اقبال 81 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 5، یاسر شاہ نے 2 جب کہ وہاب ریاض اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 247 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹون کے نقصان پر پورا کرلیا، قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے اوپنر ایک بار پھر بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور پہلی وکٹ صرف 2 رنز پر سرفراز احمد کی صورت میں گری، 8 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد بھی 5 رنز بنا کر مشرفے مرتضیٰ کا شکار ہوئے جب کہ یونس خان 25 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل نے صہیب مقصود کے ساتھ شراکت قائم کرنے کی کوشش کی لیکن 103 کے مجموعے پر وہ بھی 39 رنز بنا کر محمود اللہ کا شکار بن گئے تاہم صہیب مقصود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 93 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل 39، مصباح الحق 10 اور شاہد آفریدی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے دی
وقتِ اشاعت : February 9 – 2015