اسلام آباد : بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے الزام لگایا ہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ افسران نے اڑھائی کروڑ کی رشوت نہ ملنے پر پسنی میں جیٹی کی تعمیر منصوبہ کو ختم کردیا ہے یہ انکشاف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سینیٹر ساجد میر کررہے تھے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ افسران نے اس الزام کو مسترد کردیا اور کہا کہ اکبر لاشاری نامی افسر نے ٹاؤن پلاننگ کے لئے فیس مانگی تھی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے کوسٹل علاقہ کو سمندر برد ہونے سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ‘ کوسٹل ایریا میں سمندری پانی زیر زمین پانی میں مکس ہوگیا ہے جس کے باعث مقامی لوگ پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔