|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2015

کراچی: انٹرپول نے زیر حراست لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کی حوالگی کیلئے دبئی میں موجود پاکستانی سیکورٹی حکام کو عدالت سے رجوع کرنے کو کہا ہے۔ عزیر کو واپس لانے کیلئے دبئی میں موجود پاکستانی حکام نے انٹرپول افسران سے ملاقات میں ملزم کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کیں۔ اس موقع پر انٹرپول افسران نے پاکستانی پولیس ٹیم سے کہا کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں تاکہ عزیر کو حوالے کرنے پر کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔ پاکستان سفارت خانے کا عملہ عزیر کی واپسی یقینی بنانے کیلئے مسلسل دبئی حکام سے رابطے میں ہے۔ یاد رہے کہ انٹرپول نے گزشتہ سال دسمبر میں پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر کو دبئی داخل ہوتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔ عزیر کی گرفتاری کے بعد بعض پاکستانی پولیس افسران نے دعوی کیا تھا کہ انہیں 30 دنوں کے اندر اندر واپس لایا جا سکتا ہے۔ تاہم، دو مہینوں بعد تین سینئر افسران پر مشتمل پولیس ٹیم اور رینجرز کا ایک نمائندہ ان کی حوالگی کیلئے ان دنوں دبئی میں موجود ہے۔