کراچی: بلوچ متحدہ محاز کی عبوری مدت کے لئے کابینہ تشکیل دے دی گئی ، سینئیر سیاستدان یوسف مستی خان کنوینئر ،کلثوم بلوچ ڈپٹی کنوینئر، اکبر ولی جنرل سیکریٹری،زرین بلوچ جوائنٹ سیکریٹری، عظیم دہقان سیکریٹری مالیات اور اکرم بلوچ کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا۔
بلوچ متحدہ محاز کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس صدیق گوٹھ ملیر میں سینئیر سیاستدان یوسف مستی خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عبوری کابینہ کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ محاذ کے اغراض ومقاصد اور حکمت عملی ترتیب دینے کےلئے اصغر دشتی کی سربراہی میں ایڈووکیٹ شکیل بلوچ، بشیر بلوچ، پروین ناز، عبدالوہاب بلوچ، اکرم بلوچ، آمنہ بلوچ اور حفیظ بلوچ پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی جو آئندہ بیس روز میں اغراض ومقاصد کو حتمی شکل دے کر آرگنائزنگ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔بلوچ متحدہ محاذ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس چھبیس فروری کو طلب کیا گیا ہے جس میں اغراض و مقاصد اور حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اس موقع پر بلوچ متحدہ محاز کے کنوینئر یوسف مستی خان کا کہنا تھا کہ متحدہ محاذ کراچی میں رہنے والے بلوچ عوام کی معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئیے جد و جہد کرے گی بلوچ علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے، منشیات اور جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنے، غیر قانونی طریقے سے قدیمی گوٹھوں کی مسماری اور زمینوں پر قبضہ غیری کے خلاف منظم جدو جہد کرے گی۔
یوسف مستی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ متحدہ محاذ سندھ کی جغرافیائی وحدت کے خلاف جاری سازشوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی کراچی کے بلوچ سندھ کو اپنی دھرتی ماں سمجھتے ہیں اس لئیے وہ سندھ دھرتی کے خلاف جاری سازشوں کے خلاف صف اوّل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ادا کرتے رہیں گے جبکہ متحدہ محاذ بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تدارک کے لئیے ، اقلیت، مزدور، کسان اور خواتین کے غضب شدہ حقوق کے حصول کے لئیے مشترکہ بنیادوں پر جد وجہد کرے گی