|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری کیلئے آئیڈیل مقام ہے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول کے قیام کیلئے اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی، کاروبار کے آغاز میں حائل رکاوٹیں دور کرنے، محفوظ ماحول، پری پر وجیکٹ پلاننگ،کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کو مراعات کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔

بلوچستان میں تعمیراتی شعبے، زراعت، معدنیات و معدنی وسائل، سیاحت، توانائی، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں موجود پر کشش مواقع سرمایہ کاروں کو اپنی جانب مائل کرتے ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے اسلام آباد اور کراچی میں قائم دفاتر کے ذریعے سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری کے بعد صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وہ یہاں آئیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئی تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں جن کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں، سرمایہ کاری پالیسی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اہم ثابت ہو گی اور یہاں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔