|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2015

میلبورن: ہندوستان نے شیکھر دھون کی شاندارسنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 130 رنز سے شکست دے دی۔
دفاعی چیمپئن ہندوستان نے اس جیت کے ساتھ میگا ایونٹ میں پروٹیز سے ہمیشہ ہارنے کی روایت توڑتے ہوئے پول ‘بی’ میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ اتوار کو یہاں کھیلے گئے میچ میں 308 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی کوششوں میں جنوبی افریقہ کے بلے باز 41ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ فاف ڈو پلیسی نے 55 رنز بنا کر انڈین باؤلرز کے سامنے کچھ مذاحمت کی۔ تاہم، باقی بیٹنگ لائن قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھا سکی۔ انڈیا کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 36 رنز کے عوض تین جبکہ محمد شامی اور مہیت شرما نے بالترتیب 30 اور 31 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آج 87000 تماشائیوں کے سامنے انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈیا کی کامیابی میں شیکھر دھون کے 135 رنز نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ورلڈکپ میں اپنی پہلی اور ون ڈے کرکٹ میں ساتویں سنچری کیلئے 146 گیندوں پر 16چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اجنکیا راہنے نے بھی جنوبی افریقن بولرز کے خلاف 60 گیندوں پر 7چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سےجارحانہ 79 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں ویرات کوہلی نے 46، سریش رائنا نے 6، کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 18، رویندرا جدیجا نے 2 اور روہیت شرما نے کوئی رنز نہیں بنایا۔ مورنی مورکل، نے 2 جبکہ ڈیل اسٹین، عمران طاہر اور وین پارنیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔