|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے سینٹ کے انتخابات میں پارٹی کے امیدوار سید ظہور آغا کو بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور بی اے پی ملکر سینٹ انتخابات میں حصہ لیں گے اور بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر نصیب اللہ مری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ سینٹ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظوراحمد کاکڑاور سینیٹر نصیب اللہ بازئی ، صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی ،پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور دھنیش کمار، پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے مبین خان خلجی ،سید ظہورآغابھی موجود تھے۔

میر نصیب اللہ بازئی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک وفد نے میر نصیب اللہ بازئی کی قیادت میں گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوں سے ملاقات کرکے سینٹ کے انتخابات میں بلوچستان سے پی ٹی آئی کے امیدوار سید ظہور آغا کو بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردارکرنے کی درخواست کی جس پر پاکستان تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے بلوچستان سے سینٹ کے امیدوار سید ظہور آغا کو بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم سے ہے اور ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر سینٹ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور انشاء اللہ بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماوں سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظوراحمد کاکڑاور سینیٹر نصیب اللہ بازئی سمیت سے سینٹ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات کئے ۔

دریں اثناء بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے چار امیدوار دستبردار ہوگئے تین کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی جبکہ ایک کا پی ٹی آئی سے ہے12نشستوں پر 32امیدوار مد مقابل ہونگے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق جمعرات کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن جنرل نشستوں پر دو امیدواروں بلوچستان عوامی پارٹی کے اور نگزیب جمالدینی اور پی ٹی آئی کے سید ظہور آغا نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لئے جبکہ خواتین کی نشستوں پر بلوچستان عوامی پارٹی کی شانیہ خان اور غیر مسلموں کی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے خلیل جارج نے کاغذات نامزدگی واپس لئے۔

حکا م کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد اب سینیٹ انتخابات میں کل 32امیدوار میدان میں ہیں جن میں 7جنرل نشستوں پر 16، دو ٹیکنو کریٹ نشستوں پر 4، دو خواتین نشستوں پر 8جبکہ غیر مسلموں کے لئے مختص ایک نشست پر 4امیدوار مد مقابل ہونگے ۔