کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ بھاری سودی قرضے ،بدترین مہنگائی وبے روزگاری کو دیکھتے ہوئے موجودہ حکومت میں بھی نہ صلاحیت ہے نہ صالحیت ۔سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی بدعنوانی ولوٹ ما رمیں ملوث ہوگئی ہیں پرانے بدعنوان ناکام نااہل چہروں سے تبدیلی نہیں لائی جاسکتی بدقسمتی سے وہی لٹیرے پی ٹی آئی میں شامل ہوکر ملک وملت کو لوٹ رہے ہیں۔
عوام کی امیدوں پر پانی پیر دیا گیا ہے آج بھی مغرب کے ایجنٹ قوم پر مسلط ہیں ۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پڑھا لکھا نوجوان ، تاجر،مزدور سمیت ہرطبقہ فکر کے لوگ خواروپریشان ہیں ۔ ملک پر 37 برس آمریت مسلط تھی اور باقی کے سال ان کے اشاروں پر حکومتیں بنتی اور ٹوٹتی رہیں ۔ قوم کو حقیقی اسلامی انقلابی تبدیلی چاہیے ۔ جماعت اسلامی ہی ملک کاواحد مستقبل ہے ۔
وہ وقت جلد آنے والا ہے جب انتخابات میں پیسے کی بجائے کریکٹر کو دیکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ملک پر مسلط حکمران طبقہ استعماری طاقتوں کے آلہ کارہے ۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں بے پناہ اضافہ کیا۔ پی ٹی آئی، جو تبدیلی کے نام پر آئی تھی ، نے گزشتہ 1000 دنوں میں ایک سیکٹر میں بھی بہتری کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔
ہر معاملہ میں میرٹ کو یکسر نظر انداز کیا جاتاہے ۔بلوچستان میں روزگاراورووٹ برائے فروخت ہونے کی وجہ سے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ تعلیم وصحت سمیت ہر شعبہ تباہی کے دہانے پر ہے ۔ دوسروں کے آلہ کاراور درآمد شدہ لوگ آمروںکے اشاروں پر پالیسیاں بنارہے ہیں ۔ قوم کی گردنوں پر مسلط ظالم اشرافیہ نے ملک کے جغرافیہ اور نظریہ سے غداری کی ۔
ظالم حکمرانوں ،ظالم لٹیروں اور عوام کو تباہ کرنے والے قومی مجرموں کو ہتھکڑیاں پہنا کر جیلوں میں بند کرناچاہیے ۔باربار عوام پر مسلط شدہ پارٹیوں کا مقصد عوامی مسائل کا حل نہیں بلکہ مال بناکر خود مالامال ہونا ہے۔ یہ لٹیرے اور ان کی نام نہاد خاندانی پارٹیاں اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے قوم کو مسلسل بے وقوف بنارہی ہیں ۔ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست سے اسی بنا پر کنارہ کشی کی ۔
ہم اس ملک کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے موجودہ وفاقی وصوبائی حکومتوں میں مافیاز کا راج ہے ۔ مہنگائی کی اصل وجہ مافیاز کا کردار ہے ۔ قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔