کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا ہے کہ بلوچستان وسیع اور استعداد سے مالا مال صوبہ ہے ملک میں پائی جانے والی بے یقینی کی فضاء کے خاتمے کے لئے دو طرفہ رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے بلوچستان کی ترقی کے لئے بنیادی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے صوبے میں خواتین کے لئے دو کیڈٹ کالج بنائے جائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیشنل سیکورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کو دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کروانے کا مقصد باہمی روابط اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام دونوں امن و امان اور ترقی میں شراکت دار ہیں عوام کے ساتھ روابط استوار کئے بغیر قومی مقاصد کا حصول ناممکن ہے بلوچستان ایک وسیع اور خوبصورت صوبہ ہے ہمیں صوبے کی حقیقی استعداد کار کو بروئے کار لاتے ہوئے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مطلوبہ توجہ نہ ملنے کی وجہ سے آج یہاں کے لوگ گلہ کرتے ہیں جو کہ جائز ہے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ میں آئندہ تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو شامل کیا جائیگا جبکہ بلوچستان کا مثبت تشخص اور یہاں سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو ختم کرنے کے لئے دیگر صوبے کے لوگوں کا بھی نیشنل سیکورٹی ورکشاپ بلوچستان میں کوٹہ مختص کیا جائیگا تاکہ بلوچستان کا پیغام ملک بھر میں پھیلایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بے یقینی کی فضاء کو زائل کرنے کے لئے رابطے بہتر کرنے کی ضرورت ہے ہم نے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ بلوچستان کے ذریعے ایک پودا لگایا ہے جسکی آبیاری کریں گے تاکہ رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے افراد کی حوصلہ افضائی کی جاسکے ۔