|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ، چمن اور گوادر میں بم اور بارودی سرنگ دھماکوں کے نتیجے میں ایک سیکورٹی سمیت اہلکار تین افراد جاں بحق اور ایرانی باشندے سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی۔سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے مارواڑ اور ڈیرہ بگٹی میں سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا ۔لیویز کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ سے 70 کلو میٹر دور مارواڑ میں لیویز تھانہ زرغون کی حدود میں ایف سی کی صادق چیک پوسٹ کے قریب فرنٹیئر کور کے اہلکار سڑک کو کلیئر کررہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اہلکار لانس نائیک محمد خان ولد اللہ داد جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کے بعد ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق مارواڑ، پیر اسماعیل اور مارگٹ سمیت قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی۔ ادھر پاک افغان سرحدی شہر چمن کے مال روڈ پر حاجی ندا مارکیٹ کے سامنے بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو چمن کے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شمس اللہ ولد عبداللہ اچکزئی دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں میں محمد ولی ولد فضل کریم خواجہ زئی ساکنہ چمن ، عبدالصمد ولد میر احمد ، حاجی عبداللہ ولد گل محمد اچکزئی، حاجی عبداللہ ولد حاجی پہلوان خواجہ زئی، نصراللہ ولد محمد انور علیزئی سکنہ نواں کلی بارڈر افغانستان اور دو نامعلوم الاسم افراد شامل ہیں۔ دو شدید زخمیوں کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد بتایا کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب پانچ کلو وزنی بم کے ذریعے کیا گیا جس سے تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دوسری جانب گوادر کی تحصیل جیوانی سے ستر کلو میٹر دور پاک ایران سرحد پر سامان روڈ پر اس وقت بم دھماکا ہوا جب وہاں سے ایک ایرانی ساختہ گاڑی گزررہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں نوید بلوچ ولد محمد ابراہیم سکنہ دشت کلاتو جاں بحق جبکہ ایک ایرانی باشندہ بشیر احمد زخمی ہوگیا۔ دھماکے سے گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایرانی سیکورٹی فورسز اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی۔ زخمی ایرانی باشندے کو ایرانی فورسز اپنے ساتھ لے گئی جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور گاڑی کو لیویز اہلکاروں نے تحویل میں لے لیا۔ لیویز کے مطابق دھماکا سات کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جو سڑک کنارے نصب تھا۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں ایف سی چوکی نمبر پانچ اور چھ کے درمیان زین لوٹی پلانٹ سے سوئی کو جانے والی اٹھارہ انچ قطر کی گیس پائپ کے ساتھ نامعلوم افرا دنے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے سے کے بعد پائپ لائن کا کئی فٹ حصہ تباہ ہوگیا اور پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے بعد سوئی پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے جانو بیڑی اور خانو قلعہ کے قریب ایف سی اور امن فورس نے پٹ فیڈرل کینال کے قریب سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دو راکٹ لانچر بم اور پانچ کلو بارودی مواد برآمد کیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔