|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2015

لند ن : چیلسی نے اتوار کو ویمبلی میں کھیلے جانے والے ایک نسبتاً آسان مقابلے میں ٹوٹنہم کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر لیگ کپ جیت لیا۔ جوز مورینہو جنھوں نے چیلسی کے منیجر کے طور پر واپسی کی ہے ان کی چیلسی کے لیے یہ پہلی ٹرافی ہے۔ ویمبلی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹوٹنہم کو یہ امید تھی کہ وہ شاید سات سال قبل چیلسی کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کو دوہرا سکے جس میں انھوں نے چیلسی کو تین کے مقابلے پانچ گول سے شکست دی تھی۔ چیلسی کی جانب سے جان ٹیری اور ڈیئگو کوسٹا نے ایک ایک گول کیا۔ سنہ 2012 میں ریئل میڈرڈ کے لیے لا لیگا میں کامیابی کے بعد سے جوز مورینہو کی پہلی کامیابی ہے۔ خیال رہے کہ سنہ 2013 کے بعد یہ چیلسی کی پہلی کامیابی ہے۔ ہر چند کہ مورینہو کے کریئر میں ٹرافیوں کی کمی نہیں رہی تاہم انھوں نے اس ٹرافی کو سب سے اہم قرار دیا ہے۔ اتوار کو کھیلے جانے والے اس فائنل میں چیلسی کے تین جبکہ ٹوٹنہم کے دو کھلاڑیوں کو پیلے کارڈ دکھائے گئے۔ ٹوٹنہم نے چیلسی کے چار کے مقابلے چھ کارنرز حاصل کیے جبکہ چیلسی نے 15 کے مقابلے 19 فاؤل کیے۔ خیال رہے کہ چیلسی کے کپتان جان ٹیری نے اپنے 17 سیزن میں 15 ٹرافیاں حاصل کی ہیں۔