|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2021

کوئٹہ: وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی سمجھتی ہے صوبے کی محرومیوں کا ازالہ اور ترقی کے سفر میں شامل کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ملک میں جلد ہی عالمی سطح کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم لایا جائیگا جبکہ آئی ٹی انڈسٹری کو 2025تک ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ آمد کے بعد صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر سی ای او یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود چوہدری، ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر، سی ای او ایگنائٹ عاصم شہریار حسین، سی ای او نیشنل آئی ٹی بورڈ شباحت علی شا ہ، ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی ارشد بھٹی بھی انکے ہمراہ موجود تھے، شعیب احمد صدیقی نے کہا آئی ٹی انڈسٹری وہ واحد انڈسٹری کے کہ جب ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے برآمدات کی شرح کم ہوئی۔

آئی ٹی برآمدت کی شرح میں اضافہ ہوا، انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک حکومت کی اپنی وٹس ایپ طرز کی ایپ تیار کرلی جائیگی جس میں ڈیٹا لیک ہونے سے بچایا جاسکے گا جبکہ ڈیٹا پروٹیکشن بل پر تیزی سے کام جاری ہے بل کا ڈرافٹ تیار ہے جسکے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد اسے کابینہ میں منظور ی کے لئے پیش کردیا جائیگا،انہوں نے کہا کہ رواں دور حکومت میں ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی بھی متعارف کروا دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاقی سیکرٹریز کو صوبے کے دورے کرنے کی ہدایت اور وفاقی و صوبے کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور رابطے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے انہوںنے کہا کہ فاقی حکومت کا وژن ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ادھوری ہے۔

بلوچستان کی ترقی کی رفتار اور یہاں کے لوگوں کی ترقی کے سفر میں شمولیت لازم ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریسرچ ، تخلیقی اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اسلام آباد میں بیٹھ کر صوبے کے زمینی حقائق کا اندازہ لگانا تقریبا ناممکن ہے صوبے میں نیٹ ورک کی کوریج کے لئے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

آئی ٹی اور ٹیلی کام انڈسٹری کی بہتری کے لئے حکومت پرعزم ہے یہی وجہ ہے کہ 2025تک آئی ٹی انڈسٹری کو ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے آئی ٹی ایکسپورٹ گروتھ 40فیصد ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں عالمی سطح کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم جلد متعارف کروایا جائیگا حکومت اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کے درمیان پائی جانے والے ابہام کو کم کرنے اور یہاں دفاتر کھولنے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔