|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر جان محمد جمالی کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ن لیگ کی جانب سے ٹکٹس کی تقسیم طریقہ کار کے مطابق نہیں ہوئے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جان محمد جمالی نے کہا کہ میری صاحبزادی سینیٹ کے انتخابات سے دستبردار نہیں ہوگی۔ میں اپنا ووٹ بیٹی کو ہی ووٹ دوں گا۔ باقی ووٹ بھی ضمیر کے مطابق استعمال کروں گا۔ سیاست میں پینتیس سال ہوگئے ہیں۔ پتہ ہے کہ کیا فیصلے کرنے چاہئیں اور کیا نہیں۔ ہر صوبے کے حالات مختلف ہیں۔ ہم نے بلوچستان کے حالات کے مطابق ووٹ دینے ہیں اور ایسے اہل لوگ سینیٹ میں بھیجنے ہیں جو قابل ہوں ، بلوچستان کی حقوق کی بات کریں اور بلوچستان کے لوگوں کی عزت بھی بڑھائیں۔ سینیٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم سے اختلاف پر جان محمدجمالی کا کہنا تھا کہ ٹکٹس کی تقسیم کیلئے ایک طریقہ کار ہے کہ صوبائی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا جاتا ہے جو مرکزی بورڈ کو سفارشات بھیجتا ہے۔ پھر مرکزی بورڈ امیدواروں کے انٹرویوز کرکے ٹکٹس دیتا ہے لیکن بلوچستان میں جس طرح مسلم لیگ ن کے ٹکٹس کی تقسیم ہوئی ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔ جان محمد جمالی کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق سے ملاقات ہوئی انہوں نے اپنی اور میں نے اپنی بات کی۔ مسلم لیگی قیادت سے اختلافات کے سوال پر اسپیکر جان محمد جمالی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سوچ لیں کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہے۔ ہمارا گھرانہ 1938 سے مسلم لیگی چلا آرہا ہے۔ بہت سے لوگ ہمارے بعد مسلم لیگ میں آئے ہیں۔