کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری،ضلعی صدر و رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ، شکیل بلوچ، میر کاول خان مری، بابو مراد بلوچ دیگر نے مرحوم سردار ذادہ تنویر احمد سمالانی کو بلوچ قوم، بلوچستان اور پارٹی کیلئے لازوال جدوجہداور قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار ذادہ تنویر احمد سمالانی ایک مخلص نظریاتی ورکر اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ان کے ناگہانی انتقال سے پارٹی مخلص دوست سے محروم ہوگئی ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائیگی ۔
مرحوم کی قربانیاں نظریات ،فکر اور وطن دوستی سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ یہ بات انہوںنے گزشتہ روز سردار ذادہ تنویر احمد سمالانی کے انتقال پر ان کے آبائی گھرکلی سردار نبی بخش سمالانی پنجپائی جاکر ان کے والدسردار زادہ منظور احمد سمالانی بھائی سردار زادہ عبدالوحید سمالانی ، قریبی اقارب سردار اورنگ زیب سمالانی، سردار غلام مصطفی سمالالانی، چیئرمین امان اللہ بلوچ، چیئرمین خالد بلوچ،اسپیشل مجسٹریٹ اسد اللہ سمالانی ، بی این پی کے ضلعی کونسلر سردار زادہ فیصل جان سمالانی، عمران سمالانی ودیگر سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے سردار ذادہ تنویر احمد سمالانی کی پارٹی کیلئے جدوجہد ،قربانیوں بلوچ قوم بلوچستان سے ان کی گہری وابستگی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنویر احمد سمالانی ایک مخلص نظریاتی کارکن اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی ناگہانی وفات سے پارٹی مخلص دوست سے محروم ہوگئی ا ن کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جائیگااور ان کی لازوال جدوجہد اور قربانی پارٹی کیساتھ قربت کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی مرحوم ساتھی کی کاوشوں جذبات اور احساسات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے جذبات اور ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سردار ذادہ تنویر جان سمالانی جیسے مخلص دوست قومی تحریکوں اور پارٹیوں کو کم ملتے ہیں ایک ایسے دور میں جہاں مفادات مراعات کا بازار گرم ہے وہاں تنویر سمالانی جیسے پرعزم نظریاتی فکری دوست خالصتاً اپنے وطن قوم سرزمین اور اپنی پارٹی کو مضبوط متحرک اور فعال بنانے کیلئے اپنی تمام تر جملہ توانائیاں بروئے کار لاتے ہیں بعدازں پارٹی رہنمائوں نے سردار زادہ تنویر احمد سمالانی مرحوم کی قبر پر جاکر پارٹی کا سہہ رنگا قومی پرچم ان کی قبر پر بچھاتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا ء کی ۔ دریں اثنا پارٹی رہنمائوں نے بی ایس او کے سابق سیکرٹری اطلاعات ناصر بلوچ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ جاکر مرحوم کے بھائی سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ناصر بلوچ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ وفد نے ناصر بلوچ کی قبر پر حاضری بھی دی۔